مانچسٹر( نمائندہ جنگ) برطانیہ میں آباد جہلم کی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کے لئے جہلم فورم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ جہلم سے تعلق رکھنے والی شخصیات گزشتہ کئی دہائیوں سے برطانیہ کی تعمیر و ترقی اور پاکستان میں کئی رفاعی پراجیکٹس پر کام کر رہی ہیں۔
لیکن ایک عرصے سے ایک ایسی تنظیم کی کمی محسوس کی جا رہی تھی جو ضلع جہلم سے تعلق رکھنے والی تمام کمیونٹی کو ایک فورم مہیا کرے جو نہ صرف مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہو بلکہ کمیونٹی کو آپس میں مل بیٹھنے کا بھی ایک فورم مہیا کرے۔
ابتدائی طور پر اس فورم میں مزید ممبران کو شامل کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو آئندہ اجلاس میں اپنے نمائندگان چنے گی۔ تنظیم کے مقاصد میں جہلم کی کمیونٹی کو ایک فورم پر جمع کرنا، لیگل ونگ، خواتین ونگ، تعلیمی ونگ، رفاعی ونگ اور مختلف شہروں میں مقامی تنظیم سازی ہے۔
ابتدائی طور پر اس تنظیم کی ممبر شپ مفت ہے لیکن بعد میں سالانہ فیس بھی رائج کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے۔ جہلم فورم کے آغاز کا مرکزی خیال شہزاد مرزا، الیاس گوندل اور انور یعقوب نے پیش کیا تھا۔ان فائونڈنگ ممبران کے علاوہ جہلم فورم کے پہلے تعارفی اجلاس میں ہارون کھٹانہ، عابد چوہان، تنویر کھٹانہ، نوید چوہان، سعید کھٹانہ، غلام حسین، کرنل وسیم، راجہ عزیز، عبدالرفیق، چوہدری ریاض، سہیل ظفر، چوہدری خادم، اعجاز احمد، عارف چوہدری،جمیل احمد، محی الدین چیمہ، مقدسہ بانو، محمد مقصود، واجد کیانی، جعفر حسین، اظہر حسین و دیگر شامل رہے۔ جہلم فورم کا باضابطہ اجلاس فورم کے آئین اور مکمل تنظیم سازی کے بعد بلایا جائے گا جس میں تنظیم کے باقی ممبران اور عہدیداران کا چنائو کیا جائے گا۔