اسلام آباد(جنگ نیوز،ایجنسیاں)وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں عوام کی ملکیت ہیں ٗاب کوئی آمر آئے یا سپریم کورٹ کا فیصلہ نوازشریف سے رشتہ ٹوٹنے والا نہیں ٗسپریم کورٹ کو کوئی اپنی ذاتی خواہش کے لئے سیاسی جماعت میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے تو وہ پاکستان کے آئین اور انصاف کا دشمن ہوگا ٗ70سال سے بہت ہوچکا‘ ڈو مور کہنے والوں کو پیغام دیتا ہوں بہت ہو چکا،نو مور، نومور ۔
منگل کو کنونشن سنٹر میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاکہ پارلیمان نے ایک اہم بل کی منظوری دی‘ پیپلز پارٹی نے بل کی مخالفت کرکے اپنی جماعت کے بانی کی سیاسی روح کو تڑپایا ہے، ہمیں توقع یہ تھی کہ پیپلز پارٹی ہمارا ساتھ دے گی لیکن پیپلز پارٹی نے مصلحت کا سہارا لیا اور ان اصولوں سے روگردانی کی، وزیرداخلہ نے کہاکہ ہم سب اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ نیب کا قانون جنرل پرویز مشرف نے متعارف کروایا‘جو مشرف کے دروازے پر سجدہ ریز ہوتے ان کو حاجی، صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ عطا کر دیا جاتا تھا اور جواپنی اصولی سیاست اور نظریات پر ڈٹ جایا کرتے تھے انہیں نیب کی تلوار کے ذریعے زخمی کر کے انتقام کے تختوں پر ڈالنے کی کوشش کی جاتی‘ گلگت سے لے کر گوادر تک اورکراچی سے لے کر چترال تک پوری قوم نوازشریف کے ساتھ ہے، چاہے کوئی آمر یا ڈکٹیٹر یا سپریم کورٹ کا فیصلہ آئے آپ کا قوم سے رشتہ ٹوٹنے والا نہیں اور ہر وار جو آپ کے اور قوم کے مضبوط تعلق کو توڑنے کے لئے کیا جائیگا اس سے یہ رشتہ اور مضبوط ہو جائے گا۔کوئی جبری یا چور دروازے کا قانون سیاسی کارکنان کو اپنی جماعت سے الگ نہیں کر سکتا‘ سپریم کورٹ کے ذریعے سیاست کو زیر زبر اوپر نیچے کرنے کی کوششیں ملک ، آئین اور انصاف کے مفاد میں نہیں۔