اسلام آباد ( حنیف خالد) غلاف کعبہ غلاف روضہ اقدس اور دو سو سے زائد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تبرکات کی نمائش دیکھنے والوں کی تعداد میں ہزاروں کا اضافہ جمعرات کو ریکارڈ کیا گیا۔ جناح ایونیو اور فیصل ایونیو کے سنگم پر تھری ٹاور میں واقع دارالحکومت کے سب سے بڑے شاپنگ مال کے با ہر نمائش کھلنے کے کئی گھنٹے قبل ہی فیملیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ شاپنگ مال کے ایک عہدیدار نے اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی استدعا پر بتایا کہ بدھ کو26 ہزار مرد عورتوں بچوں بڑوں نے ان تبرکات غلاف کعبہ اور روضہ رسولؐ کے غلاف کی زیارت کی تھی جمعرات کو یہ تعداد بڑھ کر30 ہزار تک پہنچی۔ فرزندان توحید ایمان افروز جذبوں انتہائی ڈسپلن کا مظاہرہ کرتے ہوئے تبرکات کے تقدس کو ملحوظ رکھ کر زیارت کرتے رہے۔ غلاف کعبہ کی طرح نمائش گاہ میں بھی اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا فیملیوں نے پردہ باب الکعبہ روضہ نبی اکرمؐ کی سرخ رنگ کی چادر مبارک اور خانہ کعبہ کے اندر9 سال تک موجود رہنے والے خالص ریشم کے سبز رنگ کے قرآنی آیات سے مزین پردوں کی زیارت کرتے رہے۔ شاپنگ مال کے مالک سردار تنویر الیاس کے مطابق30 ہزار زائرین باوضو ہو کر صبح سویرے ہی مال میں بڑے نظم و ضبط کے ساتھ داخل ہونے لگے بہت سی فیملیاں بلند آواز سے درود پاک کا ورد کرتے ہوئے خانہ کعبہ کے غلاف پردہ باب الکعبہ روضہ رسولؐ کے نادر مختلف ادوار کے قرآن پاک اور نبی آخر الزمانؐ کے زیر استعمال رہنے والی اشیا کی زیارت کر کے اپنے جذبہ ایمانی کو جلا بخشتے رہے۔