• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غلاف کعبہ وروضہ رسولؐ کی زیارت کرنیوالوں کی تعداد میں اضافہ

اسلام آباد ( حنیف خالد) غلاف کعبہ غلاف روضہ اقدس اور دو سو سے زائد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تبرکات کی نمائش دیکھنے والوں کی تعداد میں ہزاروں کا اضافہ جمعرات کو ریکارڈ کیا گیا۔ جناح ایونیو اور فیصل ایونیو کے سنگم پر تھری ٹاور میں واقع دارالحکومت کے سب سے بڑے شاپنگ مال کے با ہر نمائش کھلنے کے کئی گھنٹے قبل ہی فیملیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ شاپنگ مال کے ایک عہدیدار نے اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی استدعا پر بتایا کہ بدھ کو26 ہزار مرد عورتوں بچوں بڑوں نے ان تبرکات غلاف کعبہ اور روضہ رسولؐ کے غلاف کی زیارت کی تھی جمعرات کو یہ تعداد بڑھ کر30ہزار تک پہنچی۔ فرزندان توحید ایمان افروز جذبوں انتہائی ڈسپلن کا مظاہرہ کرتے ہوئے تبرکات کے تقدس کو ملحوظ رکھ کر زیارت کرتے رہے۔ شاپنگ مال کے مالک سردار تنویر الیاس کے مطابق30ہزار زائرین باوضو ہو کر صبح سویرے ہی مال میں بڑے نظم و ضبط کے ساتھ داخل ہونے لگے بہت سی فیملیاں بلند آواز سے درود پاک کا ورد کرتے ہوئے خانہ کعبہ کے غلاف پردہ باب الکعبہ روضہ رسولؐ کے نادر مختلف ادوار کے قرآن پاک اور نبی آخر الزمانؐ کے زیر استعمال رہنے والی اشیا کی زیارت کر کے اپنے جذبہ ایمانی کو جلا بخشتے رہے۔ یہ نمائش آج صبح11بجے سے رات 11 بجے تک ہوگی اور سعودی عرب کے ڈپٹی ایمبیسڈر حبیب اللہ البخاری نے 13اکتوبر سے مزید ایک ہفتہ تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی سفارتخانے کے سنیئر عہدیداروں کے علاوہ مکہ اور مدینہ سے آنے والے شاہی حکام بھی مال کے منتظمین کے ساتھ مسلسل12گھنٹے تک نمائش میں موجود رہے۔ تبرکات کی زیارت کرنے والی ہزاروں فیملیوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور شاہی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار یہ تبرکات پاکستان میں نمائش کیلئے بھجوائے اور پاکستانی عوام جنہوں نے کبھی روضہ رسولؐ کی چادر مبارک خانہ کعبہ کے اندر 9سال بعد تبدیل ہونے والے پردہ جات اورخانہ کعبہ کے دروازے کے اوپر اوڑھے گئے سونے کی تاروں سے قرآنی آیات کی کڑھائی والے پردہ مبارک کو قریب سے دیکھنے کا تصور بھی نہیں کیا تھا۔ سعودی بادشاہ کے فیصلے سے اس نمائش میں ہزار ہا مرد عورتیں بچے بوڑھے ان کو چھو کر اپنے جذبہ ایمانی کو تازہ کررہے ہیں اور ان کیلئے دلی دعائیں دے رہے ہیں۔
تازہ ترین