لاہور، ملتان (نمائندہ جنگ، صباح نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے )نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا پرچہ لیک کرنے میں ملوث مرکزی ملزم رائو بلال کو بیرون ملک فرار کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کرلیا جسےتفتیش کیلئے لاہورمنتقل کر دیاگیا ۔
ملزم رائو بلال کو ملتان ائر پورٹ سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ نجی ائیر لائن سے قطر فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے ارتضیٰ حیدر کے مطابق ملزم سے برآمد سامان اور سفری دستاویزات قبضہ میں لے لی گئیں ہیں جبکہ اس کے شناختی کارڈ پر عارضی پتہ لاہور کی پنجاب ہائوسنگ سوسائٹی جبکہ مستقل پتہ جتوئی ضلع مظفر گڑھ کا درج ہے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ میڈیکل کالجوں کے انٹری ٹیسٹ کے پرچے آئوٹ کرنے میں ملوث ملزمان کی تعداد چار کی بجائے 9 ہے جن میں 6 ڈاکٹر بھی شامل ہیں ۔