اسلام آباد (حنیف خالد) غلاف کعبہ‘ غلاف روضہ رسول اکرمؐ اور دوسرے تبرکات دیکھنے کیلئے ملک بھر کے لوگ شاہراہ فیصل اور جناح ایونیو کے سنگم پر واقع تھری ٹاورز شاپنگ مال پر اُمڈ پڑے۔ اتوار کو چھٹی کا دن ہونے کی وجہ سے 60ہزار سے زائد فرزندان توحید نے پردہ باب الکعبہ‘ غلاف کعبہ کے سونے کی تاروں سے کڑھائی کی گئی آیات قرآنی کی زیارت کی۔ کراچی سے پشاور اور گلگت سے کوئٹہ تک کے لوگ اپنی آنکھوں سے غلاف روضہ مقبولؐ کی سرخ چادر‘ سونے کی تاروں سے ریشمی خصوصی بنے ہوئے دبیز پردے پر سونے کی تاروں کی آیات اپنے ہاتھوں سے پوری زندگی میں پہلی بار چھوتے رہے اور دعائیں مانگتے رہے۔
زیارت کرنے والوں میں موجودہ وزراء اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک سمیت سابق وزراء‘ موجودہ اور سابق اراکین پارلیمنٹ‘ سفارتکار‘ بزنس مین‘ سیاستدان اور انکی فیملیاں ہزاروں کی تعداد میں اسلام آباد کے سب سے بڑے شاپنگ مال میں آئیں۔ یہ بات معجزے سے کم نہیں کہ ہفتے کے دن رات گیارہ بجے تک 51ہزار 9سو اسلام کے شیدائیوں نے یہ تبرکات اپنی آنکھوں سے دیکھے اور ہاتھوں سے چھوئے‘ حالانکہ حج اور عمرے کے دوران بھی کم و بیش 2ملین عازمین کو روضہ رسولؐ کی چادر مبارک اور پردہ باب الکعبہ کو اپنے ہاتھ سے چھونے کا موقع نصیب نہیں ہوتا۔ سعودی سفارتخانے کے اعلیٰ عہدیدار غلاف کعبہ و غلاف روضہ رسولؐ کی نمائش گاہ میں ہفتہ اور اتوار کو رات گئے تک موجود رہے۔ اُنہوں نے سردار تنویر الیاس کی طرف سے بلامعاوضہ اس نمائش کیلئے کئے گئے لیک پروف باوقار انتظامات کو سراہا جن کے نتیجے میں صرف دو دن میں ایک لاکھ گیارہ ہزار سے زائد فرزندان توحید نے تحائف مقدسہ کی زیارت کی۔ اتوار کو رات گئے تک شاپنگ مال کی ہزاروں گاڑیوں کی گنجائش کی پارکنگ لاٹ کھچا کھچ بھری رہی جبکہ اس مال کے چاروں طرف سڑکیں بھی گاڑیوں سے اٹ گئیں کیونکہ اتوار کو 12ہزار سے زائد گاڑیوں میں ہزاروں فیملیاں اس نمائش کو دیکھنے کیلئے آئیں۔ سردار تنویر الیاس نے سعودی سفارتخانے کے حکام سے کہا کہ میں ایک مسلمان ہوں‘ میں نے اپنی عاقبت سنوارنے کیلئے یہ سب انتظامات اللہ اور اُنکے رسولؐ سے شفاعت کی خاطر کئے ہیں۔ میں سعودی فرمانروا اور اُنکی حکومت کے عہدیداروں کا دلی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ان متبرک و مقدس غلاف کعبہ‘ پردہ باب الکعبہ‘ غلاف روضہ اقدس اور دوسرے ڈیڑھ سو سے زائد تبرکات کی نمائش کا اعزاز مجھے بخشا۔ بدھ سے جاری نمائش 13اکتوبر کو ختم ہو گی۔ پہلے پانچ روز میں لاکھوں افراد نے یہ تبرکات دیکھنے کی سعادت حاصل کی ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ لاکھوں عورتیں مرد بچے بوڑھے انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ یہ نمائش دیکھ رہے ہیں‘ باوضو ہو کر آتے ہیں اور درود پاک کا ورد تبرکات کے دیدار کے دوران کرتے رہتے ہیں۔