کراچی (صباح نیوز)کراچی پولیس نے چھرا مار کو پکڑنے میں کامیابی نہ ملنے پر ساری توجہ ساہیوال کے چھرا مار وسیم پر مرکوز کرلی ہے اور اس کی تلاش میں ساہیوال پہنچ گئی ۔ گھر پر چھاپہ مار کر بڑے بھائی کو تفتیش کیلئے ساتھ لے گئے ۔ خواتین پر حملے کرنے والے چھرا مار کی تلاش میں کراچی پولیس ساہیوال پہنچ گئی ۔ ساہیوال اور چیچہ وطنی میں اکتیس خواتین پر حملے کرنے والا وسیم سزا بھی کاٹ چکا ہے ۔
پولیس نے گھر پر چھاپہ مارا اور وسیم کے بڑے بھائی کو حراست میں لے لیا جس کے بعد اہلخانہ اگلے روز گھر چھوڑ کر چلے گئے تھے ۔ وسیم کے ساتھ سزا کاٹنے والے قیدی نے بعض اہم معلومات فراہم کیں ۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران وسیم کے اہلخانہ نے بتایا تھا کہ میڈیا میں خبریں آنے تک وہ رابطے میں تھا مگر اب اس نے فون بند کر دیا ہے ۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ گلستان جوہر میں موجود ملزم کے کچھ سہولت کاروں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔تاہم پولیس کو کامیابی نہ مل سکی۔