راولپنڈی ( نمائندہ جنگ ) ضلع کچہری راولپنڈی سے جوڈیشل کمپلیکس آنے والے پیدل افراد کی روڈ کراسنگ اور جہلم روڈ پر کار پارکنگ کے معاملات پر تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔جوڈیشل کمپلیکس میں عدالتوں کی منتقلی کے بعد ضلع کچہری اور جناح پارک و جوڈیشل کمپلیکس کی درمیانی سڑک سے سینکڑوں وکلاء اور ہزاروں سائلین کے پیدل کراسنگ سے وی و ی آئی پی ٹریفک میں خلل اور سکیورٹی معاملات کے باعث مزاکرات میں معاملات میں پیش رفت نہ ہونے سے عسکری حکام کی جانب سے سڑک کے درمیان واقع پل ہٹانے کا فیصلہ سامنے آیا ہے عسکری حکام کا مطالبہ ہے کہ وکلاء اور سائلین اوور ہیڈ بریج استعمال کریں اور پیدل سڑک کراس کرنا ختم کر دیں۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر سجاد اکبر عباسی ایڈووکیٹ نے اس حوالے سے کہا کہ ضلع کچہری اور جوڈیشل کمپلیکس کے درمیان سڑک( وی وی ائی پی روٹ ) پر وکلاء اور سائلین کی کر اسنگ کے لیے بنائے گئے اوور پیڈ پل کی تعمیر میں وکلاء کی تجویز کو سامنے نہیں رکھا گیا اور ضلعی انتظامیہ نے نقشہ تبدیل کرتے ہوئے ضلع کونسل گیٹ سے پل کو شروع کرنے کی بجائے پوٹھوہار ٹاون سے پل تعمیر کیا جہاں سے وکلاء اور سائلین کو آنے اور جانے کے لیے کافی پیدل چلنا پڑتاہے اور موجودہ پل روزانہ 55سے 60ہزار سائلین اور وکلاء کے لیے ناکافی ہے۔