• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف کے جانے سے اسٹاک مارکیٹ کو 14 ارب ڈالر نقصان ہوا، احسن اقبال

Cpec Will Open Way For Peace Regional Cooperation Says Iqbal

وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوازشریف کے جانے سے اسٹاک مارکیٹ کو 14 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو اندرونی طور پر مستحکم کرنا ہو گا ۔

واشنگٹن میں ورلڈ بینک کے حکام سے ملاقات میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک محض پاکستان اورچین کے درمیان نہیں ،جنوب ایشیا،چین اوروسط ایشیا کو ملانے والا لنک نئی منڈیاں پیداکرنے اورخطےکی ترقی کاسبب بنےگا۔

وزیر داخلہ نے جان ہوپکن یونیورسٹی میں شرکا کو نیشنل ایکشن پلان اور دہشت گردی کےخلاف کوششوں سے آگاہ کیا۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان پرافغانستان میں سیکورٹی ناکامیوں کےالزامات مددگارثابت نہیں ہوں گے، یہ الزامات پاکستانی عوام کےخلاف جارحیت کےمترادف ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ افغانستان سے سوویت یونین کی پسپائی کے بعد عالمی برادری ہاتھ جھاڑ کر چلی گئی جب کہ مغربی دنیا کو کمیونزم کے خلاف ٹرافی مل گئی اور پاکستان آج تک کانٹے چن رہا ہے۔ افغان سرزمین کو پرامن بنانے کےلیے علاقے کے ممالک اور عالمی طاقتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خوددار ملک ہے اس لیے الزام اور اعتماد ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ پاکستان کسی دوسرے کی جنگ نہیں لڑرہا بلکہ ہم اپنے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ امن کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کی جنگ ہے اور حکومت پاکستان کے اقتصادی وژن کی بنیاد خطے میں امن و استحکام کی بحالی پر ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک خطے میں ممالک کے مابین باہمی روابط کو مضبوط کرنے کےلیے مؤثر کردار ادا کرے گا جب کہ یہ منصوبہ خطے میں باہمی روابط مضبوط بنانے کا موجب بھی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ،اپوزیشن اور اداروں کی قیادت پر یہ ذمے داری ہے کہ وہ کس طرح اندرونی طور پر پاکستان کو مستحکم رکھیں۔

تازہ ترین