کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی ٹور نامنٹ میں پہلے میچ میں جیت کے بعد پاکستانی ٹیم ٹریک سے اترگئی، کم زور حریف جاپان کے خلاف پاکستانی کھلاڑی میچ جیتنے میں ناکام رہے اور میچ دو، دو گول سے برابر رہا۔ جاپان کے خلاف گرین شرٹس کی جانب سے محمد ارسلان قادر اور محمد عمر بھٹہ نے ایک، ایک گول کیا۔ ڈھاکا کے مولانا بھاشانی ہاکی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کرنے کیلئے آخر دم تک ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی، جاپان کو پہلے ہاف میں گرین شرٹس کے خلاف 2-1 گولز کی برتری حاصل تھی تاہم پاکستان نے دوسرے ہاف میں گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا، میچ کے 16ویں منٹ میں ارسلان قادر نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی لیکن جاپان نے 22 ویں اور 29ویں منٹ میں گولز کرکے ایک گول کی سبقت حاصل کر لی، جاپان کی جانب سے پہلا گول کینتا تاناکا اور دوسرا گول ہیتا یوشی ہارا نے اسکور کیا، کھیل کے 50ویں منٹ میں پاکستان کے عمر بھٹہ نے گول کر کے پاکستان کو یقینی شکست سے بچالیا۔دوسرے میچ میں بھارت نے میزبان بنگلہ دیش کو سات گول سے مات دی، ہفتے کو پول بی میں چین کا مقابلہ اومان سے اور کوریا کا ملائیشیا سے ہوگا، پاکستانی ٹیم اتوار کو روایتی حریف بھارت سے اہم ترین میچ کھیلے گی۔