کراچی(اسٹاف رپورٹر)عدالت نے مبینہ چھرا مار ملزم وسیم کے ساتھی شہزاد کو 7روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں انسداد دہشتگردی کی عدالت کے منتظم جج کے روبرو خواتین پر حملوں کے مقدمات کی سماعت ہوئی، پولیس نے مبینہ چھرا مار ملزم وسیم کے ساتھی شہزاد کو عدالت میں پیش کیا، تفتیشی افسر نے بتایا کہ شہزاد نے تسلیم کیا ہے خواتین کو چھری مارنے کی وارداتوں کے دوران وسیم کراچی میں تھا اور خواتین کو چھری مارنے کی خبریں ٹی وی پر دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتا تھا، شواہد سے اندازہ ہورہا ہے کہ ساہیوال کا وسیم ہی کراچی کی وارداتوں میں ملوث ہے، وسیم کی گرفتاری کیلئے بھی کوشش کررہے ہیں۔