پشاور(خصوصی نامہ نگار) فاٹا فٹ بال سپر لیگ میں شنواری فٹ بال کلب اور خیبرایگلز کی ٹیموں نے میچ جیت لئے۔ پہلے میں شنواری فٹبال کلب نے ینگ جمرود کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرایا ، میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا جبکہ دوسرے ہاف کے شروع ہی میں شنواری کلب کی طرف سے سراج نے گول کرکے ایک صفر کی برتری حاصل کی جومیچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ دوسرا میچ خیبر ایگلز اور جمرود یونائیٹڈ کے درمیان کھیلاگیا جس میں خیبرایگلز نے ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے کامیابی حاصل کی ، خیبرایگلز کی طرف سے صمد نے تین،کوزا نے دوگول کئے ، جمرود یونائیٹڈ کی طرف سے منیب نے واحد گول کیا، امتیاز، امین ، عبدالرحمن اور دلاور نے میچ ریفری جبکہ قاضی آصف نے میچ کمشنر کے فرائض انجام دیئے ۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا فٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری راجہ عبدالباسط کمال بھی موجود تھے۔لیگ میں 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں درہ ایگلز، باجوڑ سٹارز‘شمس یونائٹیڈ ‘ملک سعد فالکنز‘غازی عجب خان ‘خیبر گرین ازمرے‘ینگ جمرود ‘ایف سی یونائٹیڈ ‘کرم شاہین ‘خیبر ایگلز ‘فا الحاج گروپ ‘فقیر ایپی جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔