کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھارت نے روایتی حریف پاکستان کو آئوٹ کلاس کرتے ہوئے اہم میچ میں 3-1سے شکست دے دی، اتوار کو ڈھاکا کے مولانا بھاشانی ہاکی اسٹیڈیم میں پاکستانی کھلاڑیوں نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ان کے درمیان ہم آ ہنگی کا فقدان دکھائی دیا، گول کے چانس بھی ضائع کئے اور پنالٹی کارنر سے بھی فائدہ نہیں اٹھایا،چانسز کھونا گرین شرٹس کو مہنگا پڑا۔ ٹیم کی انتظامیہ نے کھلاڑیوں کی کار کردگی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے، تاہم بھارت کے ہاتھوں ناکامی کے باوجود قومی ہاکی ٹیم نے بہتر گول اوسط پر ٹاپ فور میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ بھارت نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلے ہی کوارٹر سے پاکستان کے گول پوسٹ پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔17 ویں منٹ پر چنگلین سانا نے بھارتی ٹیم کو برتری دلادی۔ دوسرا گول 44ویں منٹ میں رمن دیپ سنگھ اور تیسرا ہرمن پریت سنگھ نے 45ویں منٹ میں اسکور کیا۔ کھیل کے چوتھے کوارٹر میں پاکستان کی جانب سے علی شان نے واحد گول اسکور کیا۔ پاکستان کو 4پنالٹی کارنر ملے لیکن وہ ضائع کیے۔ پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ فر حت خان نے کہا ہے کہ ہماری کارکردگی مایوس کن رہی، کھلاڑی دبائو میں دکھائی دیے۔ کپتان محمد عرفان نے کہا کہ ہم نے گول کے چانس ضائع کئے جو ہماری شکست کا باعث بن گئے۔ دوسرے میچ میں جاپان نے میزبان بنگلہ دیش کو3-1سے ہرایا۔ جاپان کی جانب سےکیتا زاتو کینجی اور کینتا تاناکا نے ایک اور دو گول اسکور کئے۔ ایونٹ میں پیر کو ملائیشیا کا مقابلہ اومان سے اور چین کا جنوبی کوریا سے ہوگا۔