اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار اپنے خلاف دائر آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے سے متعلق ریفرنس پر آج احتساب عدالت پیش ہونگے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر آج ساڑھے گیارہ بجے ریفرنس پر سماعت کرینگے، سماعت کے دوران استغاثہ کے دو گواہ مسعود غنی اور عبدالرحمن گوندل اپنا بیان ریکارڈ کرا ئیں گے جن پر خواجہ حارث جرح کریں گے۔واضح رہے کہ نیب کی جانب سے اٹھائیس گواہان کی فہرست جاری کی گئی تھی جن میں سے اب تک تین گواہان کے بیانات ریکا رڈ کیے جاچکے ہیں،اور جرح بھی مکمل کی جا چکی ہے۔ گزشتہ سماعت پر گواہ طارق جاوید نے تین صفحات پر مشتمل ای میل کا ریکارڈ پیش کیا تھا جسکو ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا تھا جبکہ ملزم اسحاق ڈار کی جانب سے دائر حاضری سے استثنی کی درخواست کو بھی عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔