اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں وزارت خزانہ کے مختلف قانونی مسودوں کی تیاری پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا تاکہ انہیں پارلیمنٹ میں منظوری کیلئے پیش کیا جاسکے۔ قائم مقام سیکریٹری خزانہ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت مختلف قوانین کے10بلز کی تیاری پر کام جاری ہے ،ان میں کارپوریٹ بحالی بل2017، بنک (نیشنلائزیشن) ایکٹ 1974میں ترمیم، زرعی، کمرشل اور صنعتی مقاصد کیلئے قرضےکا (ترمیمی) بل 2017، آڈیٹر جنرل کے اختیارات، کام، سروس کےقواعد و ضوابط (ترمیمی) بل 2017اور دیگر بل شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت خزانہ ان بلز کے قانونی تجاویز کے عمل میں سینٹ اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی مدد کر رہی ہے۔ انہوں نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ موجودہ تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف رولز میں ترامیم پر بھی کام ہو رہا ہے، اس کے لیے زرعی ، کمرشل اور صنعتی قرضوں کے رولز 1973میں ترامیم،فنانشل انسٹیٹیوشن ( محفوظ ٹرانزکشن ) ایکٹ 2016کے تحت رولز شامل ہیں ، وزیر خزانہ نے کہا کہ قانون سازی حکومتی ایجنڈے کا حصہ ہے اور اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ، انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ قانون سازی کے مسودے کی تیاری کے لیے وزارت پارلیمانی امور اور قومی اسمبلی وسینٹ سیکریٹریٹ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہا جائے ۔