• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کا آڈٹ کرایا جائے گا، بدعنوان افسروں،اہلکاروں کی کوئی جگہ نہیں، چیئرمین نیب

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کا آڈٹ کرایا جائے گا، بدعنوان افسروں، اہلکاروں کی محکمے میں کوئی جگہ نہیں،بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کرنے میں ایک لمحہ کی دیر نہیں کرونگا،سفارش اور دبائو برداشت نہیں، قومی احتساب بیورو میں گزشتہ 17 سال سے مختلف شکایات کی بنیاد پر انکوائریوں اور تحقیقات پر اب تک کیوں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے متعلقہ افسران، اہلکاروں کےخلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،نیب نے اندرونی احتساب کا عمل شروع کیا مگر نااہل اوربد عنوان افسران، اہلکاروں کے خلاف موثر انداز سے کارروائی نہیں ہوئی جس کی بدولت نیب کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا، انہوں نے کہاکہ نیب کے وقار اورساکھ میں اضافہ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ،بدعنوانی ایک ناسور ہے اس ناسور کے خاتمے کےلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی ،ملک سے بد عنوانی کاخاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین سیکرٹریٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت کوئی افسر،اہلکار قانون سے بالاتر نہیں جہاں قانون ہمیں اختیار دیتاہے وہاں قانون ہمیں اختیارات کے غلط استعمال سے روکتا اور خود احتسابی کا درس دیتا ہے۔نااہل، بدعنوان اورقانون کے بر خلاف کام کرنے والے افسروں،اہلکاروں کو آخری موقع دیتا ہوں کہ وہ اپنی اصلاح کریں اوراپنی خامیوں پرقابو پائیں کیونکہ میں سفارش اوردبائو کو برداشت نہیں کروں گا ، میں بدعنوانی کسی صورت بھی برداشت نہیں کروں گابلکہ بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کرنے میں ایک لمحہ کی بھی دیرنہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا بجٹ قانون کے مطابق خرچ کیا جائے گا، میں غیر ضروری اخراجات پر سخت کارروائی کرونگا، نیب کا انٹر نٹل اورا یکسٹرنل آڈٹ کروایا جائے گا تاکہ نیب میں وسائل اور فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔
تازہ ترین