ملتان ( نمائندگان جنگ)سیہون ،حاصل پور اور سنانواں میں حادثے ،14جاں بحق ہو گئے،لکی شاہ صدر بس حادثے میں سات،قائم پور میں چار افراد جان سے گئے جبکہ تین پارکو ملازم چل بسے، تفصیلات کے مطابق سیہون کے نواحی علاقے لکی شاہ صدر کے قریب انڈس ہائی وے پر مسافر کوچ اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے علاوہ ازیں صادق آباد سے فیصل آباد جانے والی بس قائم پور کے قریب تانگہ والی بھینی پہنچی تو سامنے سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرا گئی بس کے پچھلے حصے کے پرخچے اڑ گئے جس کے نتیجے میں بس میں سوار فیصل آباد کا عبدالحمید ، جیکب آباد کا سنیل کمار، رحیم یار خان کی آصفہ اور لیاقت پور کی سمیرا شاہین موقع پر ہلاک جبکہ عبدالرحمن، صفیہ سمیت 6 مسافر زخمی ہوئے جنہیں ٹی ایچ کیو حاصل پور پہنچایا گیا ۔پولیس تھانہ قائم پور نے بس ڈرائیور جھنگ کے محمد جاوید کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جاں بحق ہونے والوں میں لیاقت پور کی ذہین طالبہ سمیرا شاہین فیصل آباد یوینورسٹی میں ایم فل کیمسٹری کی طالبہ تھی دریں اثنا مظفرگڑھ سنانواں کے قریب ٹریلر کا ٹائر پھٹ گیا۔ جس سے ٹریلر بے قابو ہوکر سامنے سے آنے والےڈبل کیبن ڈالے سے جاٹکرایا۔پولیس کیمطابق حادثے میں گاڑی میں سوار 3 افراد عارف، شبیر اور منیر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔جبکہ ٹریلر ڈرائیور بھی شدید زخمی ہوگیا، پولیس کےمطابق جاں بحق ہونے والے افراد پاک عرب آئل ریفائنری( پارکو )کے اہلکار تھے اور انجینئر ،ڈرائیور اور کلینر کے عہدوں پر فائزتھے ادھر چنی گوٹھ چک 6 عباسیہ کے ذوالفقار اعوان کا بیٹا نہم کا طالبعلم سلیم حیدر سائیکل پرسکول سے گھر جا رہا تھا کہ بائی پاس پر سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار ٹریلر کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا۔صادق آباد کا5سالہ فرحان علی گھر کے باہر کھیل رہاتھا کہ موٹرسائیکل سوار نے بے قابو ہوکرٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور شیخ زید ہسپتال میں دم توڑگیا۔