کوئٹہ(سٹی ڈیسک)کامیاب شٹرڈائون ہڑتال اور احتجاج کرنے پر تاجر برادری سبی کے مشکور ہیں ڈی پی او سبی کے تبادلے تک احتجاج جاری رہے گا ان خیالات کااظہار انجمن تاجران بلوچستان کے مرکزی صدررحیم آغا نے انجمن تاجران سبی کے صدر میر منظور مری عبدالرحمان بگٹی جے رام داس حاجی بدر الدین ہانبھی میر لیاقت علی ڈومکی غوث بخش پہلوان عبدالغنی ترین بابو پرکاش شہزاد لغاری ودیگر عہدیداروں سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوںنے کہا کہ تعجب کی بات تویہ ہے کہ گزشتہ دو سال سے یکے بعد دیگرے سبی میں ڈکیتی کے واقعات رونما ہورہے ہیں لیکن آج تک ایک بھی ملزم گرفتار نہیں ہوا ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ سبی انتظامیہ مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے اور پولیس ڈاکو اتحاد ہوگیا ہے کیونکہ جب بھی ہم پولیس کے اعلیٰ حکام سے بات کرتے ہیں تو وہ سب ٹھیک ہوجائےگا کا راگ الاپتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ ایک ایس ایچ او کو معطل کردیتے ہیں جبکہ ڈی پی او سبی کا تبادلہ بہت ہی ضروری ہےانہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے تاجر برادری سبی اور آل پارٹیز احتجاج پر ہیں لیکن صوبائی حکومت خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے انہوںنے وزیر اعلیٰ کور کمانڈر چیف سیکرٹری ہوم منسٹر آئی جی پولیس بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سبی کے تاجروں اور آل پارٹیز کے دو روزہ ہڑتال اور شدید احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سبی کو فوری طورپر معطل کیاجائے۔