گھارو (نامہ نگار) ضلع ٹھٹھہ میں ہونے والی میگا کرپشن اور کرپٹ مافیا کیخلاف پی ٹی آئی، قومی عوامی تحریک، سندھ یونائٹیڈ پارٹی، سنی تحریک اوردیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھابیجی تا گاڑھو تک پیدل لانگ مارچ شروع ہو گیا۔مارچ کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ ضلع ٹھٹھہ میں 30 برسوں کے دوران ہونے والی میگا کرپشن کی تحقیقات کرائی جائے اور کرپٹ مافیا کو گرفتار کر کے نشان عبرت بنایا جائے۔ گھارو کے پیدل لانگ مارچ گاڑھو کی جانب روانہ ہو گیا۔ لانگ مارچ کے شرکا نے کرپشن خوروں کو بھگائو ضلع ٹھٹھہ بچائو اور کرپشن کیخلاف بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ پیدل لانگ مارچ سے پہلے دھابیجی اور گھارو میں تحریک انصاف کے مصطفیٰ چانڈیو، قومی عوامی تحریک کے حق نواز، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے عمران خشک، سنی تحریک کے آصف قادری، شیرازی گروپ کے مشتاق گندرو اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ضلع ٹھٹھہ میں گزشتہ 30 برسوں سے کرپٹ مافیا عوامی منصوبوں کیلئے آنے پیسے پر قابض ہے اور ضلع ٹھٹھہ کی عوام تعلیم صحت پینے کے صاف پانی سمیت تمام بنیادی سہولتوں سے محروم ہے جبکہ عوامی بجٹ میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی گئی ہے جبکہ ضلع سے متعدد بار رکن سندھ اسمبلی منتخب ہونے والوں نے ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں اربوں روپے کی کرپشن کی اور ضلع ٹھٹھہ کی ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی بوگس کاغذات اور ریکارڈ میں ہیراپھیری کر کے ہڑپ کر گئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ 18 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہونے والے جلسے میں ضلع کونسل ٹھٹھہ ٹاؤن کمیٹی گھارو اور میرپورساکرو سے 18 کروڑ روپے خرچ کیے گئے جو عوام کا پیسہ تھا۔