اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت شفافیت اور نظم و نسق کے عالمی معیارات کو یقینی بنانے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز اسلام آباد میں اوپن گورنمنٹ شراکت داری کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس کے معاملات میں باہمی انتظامی معاونت کے بارے میں اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم میں حکومت کی شمولیت اور اوپن گورنمنٹ پارٹنر شپ کیلئے لیٹر آف انٹینٹ جمع کرانا حکومت کے عزم کا عکاس ہے۔اس موقع پر اقتصادی امور ڈویژن کے حکام نے وزیر خزانہ کو قومی لائحہ عمل میں پیش رفت کے بارے میں بتایا۔وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ قومی لائحہ عمل میں تمام متعلقہ فریقوں کی تجاویز کو شامل کیا جائے۔