• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے یہاں اب فلمسازی کے معیار میں بہتری آرہی ہے ،راشد محمود

کراچی( اسٹاف رپورٹر) معروف اداکار راشد محمود نے کہا ہے یہ امر خوش آئند ہے کہ ہمارے یہاں اب فلمسازی کے معیار میں بہتری آرہی ہے ۔ اہم سماجی اور معاشرتی موضوعات پر فلمیں بن رہی ہیں۔اسی سبب ملک میں اب فلموںکی کامیابی کے تناسب میں اضافہ ہورہا ہے۔ شوبز کے دیگر شعبوں کی طرح پرفارمنس میں بھی ہماری کارکردگی ہمسایہ ممالک سے بہترہے۔ اسی سبب ہمارے فنکار گائیکی اور اداکاری میں دینابھر میں اپنا االگ تشخص قائم کر چکے ہیں۔ یہ بات انہوں نے یہاں کراچی میں اپنی نئی فلم کی فلمبندی کے دوران خصوصی گفتگو میں کہی۔ اس موقع پر اداکار شفقت چیمہ،ہدایتکار جرار رضوی، اداکارہ مہک نور، اور دیگر بھی موجود تھے۔ فلم جیک پاٹ کے فلمساز خرم شہزاد ہیں۔ دیگر فنکاروں میں جاوید شیح، اداکارہ ثناء، فائزہ خان، اسماء علی صنم چوہدری اور دیگر شامل ہیں۔ایک سوال کے جواب میں راشد محمود نے کہا کہ بڑے اسکرین کے لیے کام کرنے کا اپنا لطف ہے ۔ لیکن میں ذاتی طور پر کردار کو اہمیت دیتا ہوں۔ مجھے کئی مرتبہ مختلف ذرائع سے بھارتی فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی۔ لیکن میں نے معذرت کرلی ۔ کیونکہ ذاتی طور پر مجھے ان کی فلموں یا ٹیلی وژن پر کام کرنا پسند نہیں۔ بھارت کے مقابلے میں پرفارمنس میں اکثر شعبوں میں ہماری اپنی شناخت ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اداکاری مسلسل ریاضت مانگتی ہے ۔ ہر نئے کردار کے اپنے تقاضے ہوتے ہیں۔اپنی اہمیت کو برقرار رکھنے اور آگے بڑھنے کے لیے ضروری ہے بہت منصوبہ بندی اور منتخب قسم کے رو لز کیے جائیں۔ اس سے انفرادیت بھی قائم ہوتی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں راشد محمود نے کہا کہ فلمساز خرم شہزاد نے وسیع پلاننگ سے جیک پاٹ شروع کی ہے اور انشاء اللہ یہ ایک بڑی اور کامیاب فلم ثابت ہو گی۔
تازہ ترین