لندن (مرتضیٰ علی شاہ) دی چائنا پاک انوسٹمنٹ کارپوریشن جس نے پاکستان کے ریئل سٹیٹ سیکٹر میں5سو ملین پونڈ کی سرمایہ کاری کے ارادہ کا اعلان کیا ہے، منسٹری آف پلاننگ، ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کے بیان پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ اس نے گوادر پروجیکٹ کے لئے تمام پروولز حاصل کرلی ہیں۔ سی پی آئی سی نے کہا ہے کہ اس نے گوادر میں انٹر نیشنل پورٹ سٹی پروجیکٹ حاصل کیا ہے۔ جس کا این او سی نمبر 74/07/HS/GDA(B) گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے جاری کیا ہےاور آفیشل ویب سائٹ پر اسے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ستمبر2017ء تک کے اپ ڈیٹ کے ساتھ واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ سی پی آئی سی نے کہا ہے کہ اس کا نام تبدیل کر کے چائنا پاک ہلز رکھنے کے لئے درخواست گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو دی جاچکی ہے، جسے گوادر اور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے وصول کرلیا ہے۔ ایک نقل جو اس رپورٹر کو ملی ہے اس میں جی ڈی اے نے5اکتوبر2017ء کو نام کی تبدیلی کے لیے درخواست وصول کرنے کی تصدیق کی ہے۔