کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے چیف سلیکٹر حسن سردار نے سابق کپتان حسیم خان کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے کہا ہے کہ وہ اس کا نوٹس لے ورنہ مستقبل میں جو بھی کھلاڑی ناقص کارکردگی پر ٹیم سے ڈراپ ہوگا وہ میڈیا میں پی ایچ ایف کی بدنامی کا باعث بن جائے گا، انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی زندگی بھر کے لئے ڈراپ نہیں ہوتا ہے، ڈومیسٹک ایونٹ میں اچھی کارکردگی سے کئی کھلاڑی ماضی میں ٹیم کا حصہ بنے ہیں، حسیم خان کو خراب کارکردگی پر ٹیم سے باہر کیا گیا ، کبھی ان کی فٹنس کو نشانہ نہیں بنایا، وہ غلط بیانی کررہے ہیں، فیڈریشن بتائے کہ حسیم خان کو کس بنیاد پر ٹیم کی قیادت دی گئی۔حسیم خان نے کون سا ٹورنامنٹ پاکستان کو اپنی کارکردگی سے جتوایا۔انہوں نے کہا کہ میں خود کراچی سے تعلق رکھتا ہوں اگر کسی بھی شہر کا حق دار کھلاڑی ہوگا اسے موقع دیا جائے گا، میڈیا بھی اس حوالے سے نشان دہی کرے گا تو میں اسے موقع دوں گا، انہوں نے کہا قومی ٹیم کا انتخاب میں نے اکیلے نہیں کیا،ٹیم انتظامیہ اور دو ساتھی کھلاڑیوں کی مشاورت سے ٹیم منتخب کی گئی، حسیم خان کے خلاف پی ایچ ایف ڈسپلن کمیٹی اور ان کا ادارہ ضابطے کی کارروائی کرے گی۔