سینیٹ کے اجلاس میں وفاقی وزراء کی عدم حاضری پر چیئرمین رضا ربانی برہم ہوگئے، انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کے وزیر مملکت کہاں ہیں؟ ہاؤسنگ کے وزیر کہاں ہیں؟، توانائی ، پانی و بجلی کے وزرا بھی جواب کے لیے موجود نہیں ،وزرا کی اتنی بڑی فوج ہے ایوان میں کوئی نہیں آتا۔ وزرا کو بتایا جائے غیر حاضری برداشت نہیں کی جائے گی۔
چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہاکہ کل پارلیمانی امور کے وزیر نے بتایا کہ وزیر کیڈ کی طبیعت خراب ہے، کل ان کا توجہ دلاؤ نوٹس موخر کیا اور شام کو دیکھا تو وہ ٹی وی پر پریس کانفرنس کر رہے تھے ، آج ان کانوٹس سامنے رکھا تو وہ آج بھی نہيں آئے ، سینیٹ میں بتایا جاتاہے کہ وزير کی طبیعت خراب ہے ، بتائیں کیا کروں ؟
اس پر ن لیگ کے رہنما اور قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہاکہ انہیں وزیر کیڈ سے بات کرنے کاموقع دیا جائے ۔
رضا ربانی نے کہاکہ وزیر مذہبی امور بھی بیرون ملک چلے جاتے ہیں لیکن سینیٹ نہیں آتے ، اگر وزیر یہاں نہیں آنا چاہتے تو استعفیٰ دے دیں ، اگلے ہفتے سے رول 13 کے تحت ایکشن لیا جائے گا پھر کوئی شکایت نہ کرے ۔