• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشتعال انگیز تقریر کیس: تحقیقات کےلیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

The Decision To Make Jit For Investigation On 22nd August Speech

بانی ایم کیوایم کی اشتعال انگیز تقریر سے متعلق کیس میں تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بائیس اگست 2016 کی اشتعال انگیز تقریر، جلاؤ گھیرا ؤاور میڈیا ہاؤسز پر حملے سے متعلق کیس کی سماعت کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور عامر خان سمیت مقدمات میں نامزد ایم کیوایم لندن کے ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے کیس میں بانی ایم کیوایم سمیت مفرورملزمان کے ایک بارپھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے اور مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے 25 نومبر تک پیش کرنے کا حکم دیا۔

مقدمے کے تفتیشی افسر انسپکٹر حمید نے بتایا کہ کیس میں از سر نوتفتیش اور تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے صوبائی محکمہ داخلہ کو درخواست دی گئی ہے۔

تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزمان اور عینی شاہدین کے بیان کے بعد نئے حقائق سامنے آئے ہیں اس لیے جے آئی ٹی بنانا لازمی ہے، جے آئی ٹی کی اجازت جیسے ہی ملےگی اس سے عدالت کو آگاہ کردیا جائے گا۔

واضح رہےکہ گزشتہ سال 22 اگست کو ایم کیوایم کے بانی نے کراچی پریس کلب کے باہر پاکستان مخالف تقریر کی تھی،جس کے بعد جلاؤ گھیراؤ اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کیے گئے تھے،اس کے 2 مقدمات آرٹلری میدان تھانے میں درج کیے گئے اور مقدمات کا چالان پیش کیا جاچکا ہے۔

 

تازہ ترین