اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب آج پھر وہی تقریر اور وہی جھوٹ، آپ جب بولتے ہیں جھوٹ بولتے ہیں ، چار سالوں میں جتنا وقت جھوٹ بولنے میں ضائع کیا اتنا وقت شہباز شریف سے ٹریننگ میں گزارتے تو آج خیبر پختونخوا میں پنجاب جیسی ترقی ہوتی، جلسوں میں جھوٹ بول کر لوگوں کی خدمت نہیں ہوتی اور تبدیلی نہیں آتی ۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران صاحب تبدیلی لانے کے لئے شہباز شریف کی طرح دن رات کام کرنا پڑتا ہے ،حسد اور اقتدار کی ہوس نے آپ کو دماغی مریض بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چار سالوں میں جتنا وقت جھوٹ بولنے میں ضائع کیا اْتنا وقت شہباز شریف سے ٹریننگ میں گزارتے تو آج خیبر پختونخوا میں پنجاب جیسی ترقی ہوتی ، اپنے صوبے میں ڈینگی کے مریض تو سنبھالے جاتے نہیں اور تنقید کرتے ہیں شہباز شریف پر ۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کے لوگوں کی خدمت کی ہے جس کو دیکھ کر عمران خان کی ایسی حالت ہو جاتی ہے ،انہوں نے کہا کیا ہی اچھا ہوتا کہ آج عمران خان احتساب کمشن کا تالا کھولنے کا اعلان کرتے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف پنجاب کی ترقی کا نام ہے ، خیبرپختونخوا کے 53 فیصد سکولوں میں صاف پینے کا پانی نہیں ہے، 30فیصد فیصد سکولوں میں ٹوائلٹ نہیں ہیں ، 40 فیصد سکولوں میں بجلی نہیں ہے ،عمران خان جلسوں میں جھوٹ بول کر لوگوں کی خدمت نہیں ہوتی اور تبدیلی نہیں آتی ،تبدیلی لانے کے لئے شہباز شریف کی طرح دن رات کام کرنا پڑتا ہے ،شہباز شریف کی محنت اور کارکردگی کی گواہی اْن کا کام دیتا ہے۔