ملتان(سٹاف رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر محمد ادریس احمد نے کہا ہے کہ آئندہ سال ملتان میں سیف سٹی پراجیکٹ مکمل کرلایا جائے گا۔جرائم کی بیخ کنی کیلئےشہریوں کا ساتھ چاہئے۔ملتان کو کرائم فر ی سٹی بنانا اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےملتان پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ سابق سی پی او ملتان احسن یونس نے وولنٹئیر ز ان پالیسنگ اور فرینڈز آف پولیس کے نام سے جو سلسلہ شروع کیا تھا،جو ان کے تبادلے کے بعد رک گیا،اسے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔کمیونٹی پالیسنگ کے بغیر ہم شہریوں کو اعتماد میں نہیں لے سکتے۔ایک سوال کے جواب میں آر پی او ملتان کا کہنا تھا کہ ڈولفن فورس کی ایس او پی میں شامل ہے کہ اگر انہیں کوئی شخص مشکوک لگے تو وہ اس کو نیچے بٹھا کر تلاشی لے سکتے ہیں تاہم ایک عام شہری کو ا س طرح پریشان اورہراساں نہیں کیا جاسکتا ،عامر نامی اہلکار نے یہ حرکت کی ہے ،اس کی مکمل انکوائری کی جائے گی اور اس کے خلاف ایکشن بھی لیا جائے گا۔ اس وقت ملتان ریجن کا کرائم38ہزار ہے۔ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ جھوٹے مقدمات درج کروانے والو ں کے خلاف سخت کارروائی کروں اور انہیں سزا بھی دلواؤں تاکہ کبھی کوئی بے گناہ کے خلاف مقدمہ درج نہ کروائے۔ایک سوال کے جواب میں آر پی او ملتان کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ سے سے ملتان کے تمام بینکوں کے انتظامیہ سے ملاقات کر کے انہیں باور کرایاجائے گا کہ اگر کوئی شہری 5لاکھ یا اس سے زائد رقم بینک سے نکلوا کر دوسری جگہ منتقل کرنا چاہے تو فوری پولیس کو مطلع کیا جائے تاکہ اس کی حفاظت کے لئے پولیس اہلکار ساتھ جائیں جو شہری پولیس کی مدد نہیں لینا چاہے ان سے تحریر لی جائے گی کہ اگران کا نقصان ہوا تو اس کی ذمہ داری ان پر ہی عائد ہوگی۔