راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے ) چکلالہ و راولپنڈی کینٹ بورڈ زکے منتخب ممبران وفاقی اور صوبائی حکومت کی طرف سےپچھلے دو سالوں کے دوران کسی قسم کی ترقیاتی گرانٹ نہ ملنے کے باعث مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں ، چکلالہ کینٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ راجہ عرفان امتیاز اور بعض دیگر ممبران کا کہنا تھا کہ آئندہ سال عام انتخابات کا سال ہو گا ، کینٹ ایریاز مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے اور یہاں کے عوام بھی منتخب کینٹ بورڈز ممبران کی طرف دیکھتے ہیں کہ وہ پچھلے دو سالوں میں کس قدر ان کے ترقیاتی کام کرواسکے ہیں ، ضرورت اس امر کی ہے کہ جس طرح پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو حکومت کی طرف سے فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں اسی طرح کینٹ بورڈز کے منتخب ممبران کو بھی وفاقی اور صوبائی حکومت کی طرف سے ترقیاتی گرانٹ فراہم کی جانی چاہئے تاکہ وہ اپنے اپنے وارڈز میں عوام کے ترقیاتی کام کرواسکیں ، ان کا کہنا تھا کہ ویسے تو کینٹ ایریاز میں رکن قومی و صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد حنیف عباسی کی طرف سے کینٹ ایریاز میں وفاقی اور صوبائی حکومت کی طرف سے ملنے والے فنڈز سے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں مگر ہم چاہتے ہیں کہ کینٹ بورڈز کے منتخب ممبران کو بھی مرکز اور صوبائی حکومت پنجاب سے ترقیاتی گرانٹ ملنی چاہئے تاکہ وہ اپنے اپنے وارڈز میں عوام کے ترقیاتی کام کرواسکیں۔ آئندہ سال عام انتخابات کا سال ہے ہم چاہتے ہیں جس طرح پہلے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو عام انتخابات اور پھر کینٹ بورڈز کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا تھاآئندہ آنے والے انتخابات میں بھی اسی طرح ہماری پارٹی کو واضح برتری حاصل ہو۔