اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے وضاحت کی ہے کہ اہلیہ کی بیماری کی وجہ سے نواز شریف کو سعودی عرب سے لندن جانا پڑ گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سمن آباد لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو مردم شماری اور نئی حلقہ بندیوں پر مشاورت کےلیے طلب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے حوالے سے ہماری الیکشن کمیشن سے میٹنگ ہوگی، الیکشن کمیشن کل اپنی سفارشات سامنے رکھے گا۔
ایاز صادق نے مزید کہا کہ عدم استحکام کی خواہش مند قوتوں نے اپنا ایجنڈا آگے بڑھانا شروع کردیا ہے، کسی رکن نے فارورڈ بلاک کی بات نہیں کی۔
ان کا کہنا ہے کہ کبھی ٹیکنوکریٹ حکومت بات کی جاتی ہے اورکبھی مارشل لاء کی جبکہ ایسا کچھ نہیں ہونے جارہا، ٹیکنوکریٹ حکومت کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں۔
اسپیکر اسمبلی کا یہ بھی کہنا تھا کہ دسمبر تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہوجائے گی، سردیوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی نہیں ہوگی۔
سردار ایازصادق کا کہناتھاکہ انہیں فارورڈ بلاک کی بات کرنے والا کوئی ممبر نہیں ملا۔