حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بینچ نے سزائے موت کے ملزم کی درخواست پرموت کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیاہے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بینچ میں سزائے موت کے مجرم اویس حلیم خان نے درخواست اپیل دائر کی تھی کہ ان کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کیاجائے جس پر سماعت کے دوران جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس خادم شیخ پر مشتمل 2رکنی بینچ نے مجرم اویس حلیم خان کی سزائے موت کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا ہے ۔ مجرم اویس حلیم خان نے فقیر کا پڑ کے علاقے میں شاکر نامی شخص کو خنجر مار کر قتل کیا تھا جس کے خلاف سال 2009ءمیں فورٹ تھانے میں قتل کا مقدمہ درج ہوا تھااور ملزم کو سیکنڈ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے2014ءکو قتل کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی تھی ۔