• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسین، حسن نواز کے کمپنی شیئرز منجمد،چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کے مقدمات بھی کھل گئے

Todays Print

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ، جنگ نیوز) احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نےنیب ریفرنسز میں عدم پیشی پرسابق وزیر اعظم نوازشریف کے صاحبزادوں حسین اور حسن نوازکے مختلف کمپنیوں میں شیئرز منجمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے صاحبزادے 8نومبر تک پیش نہ ہوئے تو اشتہاری قرار دے دیاجائےگا، نیب نے اپنی رپورٹ بتایا کہ حسین نواز 10اورحسن نواز2کمپنیوں کے شیئرزہولڈرہیں۔ جبکہ ذرائع کے مطابق احتساب عدالت راولپنڈی نے وزیرخزانہ اسحق ڈارکے دونوں بیٹوں کوکل 2نومبرکوطلب کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں نیب نے چوہدری شجاعت اورپرویزالٰہی کیخلاف آمدن سے زائداثاثوں کے مقدمات کھول لئےہیں۔ نیب لاہورنے چوہدری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی کوآمدن سے زائداثاثوں کے مقدمے میں6نومبرکو طلب کرلیا ہے۔

منگل کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میںحسین اورحسن نواز کیخلاف نیب ریفرنسز پر سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی نے دونوں ملزمان حسین اور حسن نواز کے پاکستان میں موجود اثاثوں کی تفصیلات سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں بتایا گیا کہ سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق حسین اور حسن نواز کے مختلف کمپنیوں میں شیئرز ہیں، عدالت نےسکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو حسن اور حسین نواز کے شیئرز منجمد کرنے کی ہدایت کردی جبکہ عدالت نے دونوں مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دونوں ملزمان 8 نومبر تک عدالت پیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔نیب رپورٹ کے مطابق حسین نواز حدیبیہ انجینئرنگ،اتفاق برادرز، برادرزٹیکسٹائل ملز، رمضان بخش ٹیکسٹائل ملز،خالد سراج انڈسٹریز، حدیبیہ پیپر ملز، برادرزاسٹیل ملزکے شیئر ہولڈرزہیں،حسین اورحسن نواز محمد بخش ٹیکسٹائل ملز ، حمزہ اسپننگ ملزلمیٹڈکےبھی شیئر ہولڈرزہیں،حسین نواز10 جبکہ حسن نواز2 کمپنیوں کے شیئر ہولڈر ہیں۔ دوسری جانب احتساب عدالت راولپنڈی نے وزیرخزانہ اسحق ڈارکے دونوں بیٹوں کو2نومبرکوطلب کرلیاہے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف کے دامادعلی ڈاراورحسنین ڈارکودبئی میں سمن وصول کرائے گئے۔ علاوہ ازیں نیب لاہور نےمسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمات کھول لئے، نیب نے چوہدری شجاعت اور پرویزالٰہی کوسمن جاری کرتےہوئے 6 نومبر کو طلب کرلیا۔

تازہ ترین