راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) واسا کے زیراہتمام جاری 5سکیموں کیلئے 217.919ملین روپے ریلیز کر دیئے گئے۔ ہائی ویز کی 545.337ملین مالیت کی 10سکیمیں منظور ہوئی ہیں جن میں سے 5مکمل جبکہ 5پر کام جاری ہے۔ پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے74.768 ملین مالیت کی 8سکیموں جبکہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی 3سکیموں پر کام جاری ہے۔ کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے کہا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن میں جاری شدہ ترقیاتی سکیموں کیلئے سو فیصد فنڈز ریلیز کر دیئے گئے ہیں تاکہ فنڈز کی عدم دستیابی مفاد عامہ کے کسی بھی منصوبے کی راہ میں حائل نہ ہونے پائے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے کمشنر آفس راولپنڈی میں ڈویژن میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ 2016-17ء کی تمام تر ترقیاتی سکیموں کی مقررہ وقت پر تکمیل یقینی بنائی جائے‘ نیز فیزٹو کی ترقیاتی سکیموں کا اپروول و ٹینڈرنگ پراسیس بھی جلداز جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو صحت، صفائی اور مواصلات سمیت دیگر معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے اداروں کے مقامی حکام جانفشانی سے اپنا کردار سرانجام دیں۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی راجہ حنیف ایڈووکیٹ، ملک افتخار احمد، راجہ شوکت بھٹی، چیئرمین ٹاسک فورس برائے اوورسیز پاکستانیز افتخار احمد وارثی، راجہ عتیق سرور، سی ای او ایجوکیشن قاضی ظہور الحق اور تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔