اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر انسداد منشیات لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی نے قومی اور عالمی سطح پر کی جانیوالی اے این ایف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انسداد منشیات فورس کی بھرپور سرپرستی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے جمعہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے زیرانتظام منشیات کے عادی افراد کے بحالی مرکز راولپنڈی کا دورہ کیا۔ سیکرٹری وزارت انسداد منشیات اقبال محمود اور ڈائریکٹر جنرل اے این ایف مسرت نواز ملک بھی ہمراہ تھے۔ اے این ایف راولپنڈی کے فورس کمانڈر بریگیڈیئر حماد ڈوگر نے ان کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ کم وسائل کے باوجود یہ مراکز منشیات کے عادی افراد کا مفت علاج کر رہے ہیں۔ 2017ء میں منشیات کیخلاف 230آگاہی مہمات کا انعقاد کیا گیا جبکہ اسلام آباد اور کراچی میں قائم بحالی مراکز میں 810افراد کا علاج کیاگیا۔