• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چند لوگ پاکستان میں مایوسی پھیلانےمیں مصروف ہیں،احسن اقبال

Some People Busy Spreading Frustration In Pakistan Ahsan Iqbal

وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ چند لوگ پاکستان میں مایوسی پھیلانےمیں مصروف ہیں، وہ پاکستانیوں سے خوداعتمادی چھیننا چاہتےہیں، آپریشن ردالفساد نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی، آج دہشت گرد محصور اوریرغمال بن گئے ہیں۔ قوم کی امید جاگ گئی، اعتماد کے ساتھ اپنے مستقبل کو دیکھ رہی ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2013 میں پاکستان کی مثال ایسے جہاز کی طرح تھی جس کے تمام پارٹس ٹوٹ گئے تھے، 20، 20گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ معمول بن گئی تھی، کوئی دن نہیں گزرتا تھا جب ملک میں لاشیں نہ گرتی ہوں، روزانہ لوگ پوچھتے تھے کہ آج دہشت گردحملےمیں کتنے لوگ جاں بحق ہوئے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں معیشت اورسیاسی استحکام کو سبوتاژ کیا گیا، آج پھر پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ٹیک آف کا موقع دیاہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کےدیگرممالک میں پاکستان سے زیادہ کرپشن ہے، کسی کو اجازت نہیں د یںگے کہ وہ قوم کے اعتماد اورکامیابیوں کو چھوٹا کرے اور امید چھینے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو دنیا کی20 بہترین معیشتوں میں شامل کرنے کا وعدہ کیاہے، سیاسی بحران سے پچھلے 4 سال کی محنت پر پانی پھر جائےگا، اکھاڑ پچھاڑ کی جاتی رہے تو دنیا کی بہتر ین پالیسی اور ماہرین بھی فیل ہوجاتےہیں۔

انہو ں نے کہا کہ پچھلے4 برسوں میں مختلف جرائم میں 90 فیصد کمی آئی ہے، پاکستان میں توانائی کے بحران کو حل کرنے کا چیلنج قبول کیا، مئی 2018 تک 10ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائےگی، 4 سال میں 10ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنا معمولی بات نہیں جبکہ 66 سال میں ہم صرف 16ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کر پائے تھے۔

 

تازہ ترین