اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اسٹیل مل کی بحالی میں بھرپور کردار ادا کریں گے، غریبوں اور محنت کشوں کا استحصال نہیں ہونے دینگے، تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی خورشید شاہ سے منگل کو پاکستان اسٹیل مل کی جوائنٹ ایمپلائز ایکشن کمیٹی کے وفد نےکنونیئر نعیم الحق اور جنرل سیکرٹری یاسین جامرو کی قیادت میں ملاقات کی اور انہیں پاکستان سٹیل مل کراچی کے حالت زار سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ کراچی اسٹیل مل شدید مالی بدحالی کا شکار ہے ،نہ صرف ملازمین کا معاشی قتل ہورہا بلکہ وہ علاج معالجے کی سہولتوں سی بھی محروم ہیں۔ اسٹیل مل اب پیداواری صلاحیت سے محروم ہے اور اگر حکومت دلچسپی لے تو اسٹیل مل کے ہنر مند اپنی محنت سے اسے دوبارہ بحال کرکے نفع بخش ادارہ بنا سکتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اسٹیل مل کی بحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ اسٹیل مل کے ورکروں کو مالی استحصال سے بچایا جائے اور حکومت کو مہنگائی کے اس زمانے میں ان کے خاندانوں کے معاشی قتل سے روکا جائے۔