کراچی (اسٹاف رپورٹر) خونشا بابر نے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمبر چار سیڈ ایشا جواد کو شکست دیکر فیڈرل کپ نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ کےلیڈیز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔ مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ عقیل خان، مدثر مرتضی، ہیرا عاشق نے اپنے اپنے میچز جیت کر اگلے رائونڈ میں جگہ بنالی۔ دلاور عباس اسپورٹس کمپلکس اسلام آباد میں جاری چیمپئن شپ کے لیڈیز سنگلز خونشا بابر نے ایشا جواد کو باسانی 6-2 اور 6-2 سے شکست دی۔ دیگر مقابلوں میں مہوش چشتی نے ندا اکرام کو، نوم ملک نے شیزہ ساجد کو زیر کیا۔ مینز سنگلز کے دوسرے رائونڈ میں عقیل خان نے باسانی اعجاز احمد خان کو 6-1 اور 6-1 سے، مدثر مرتضی نے سخت مقابلے کے بعد ایم عثمان اعجاز کو 3-6، 6-3 اور 6-4 سے، محمد شعیب نے اسد اللہ خان کو 6-1 اور 6-3 سے ، شہزاد خان نے ایم وقاص ملک کو 6-1 اور 6-2 سے، ہیرا عاشق نے عامر نسیم کو 6-4 اور 6-2 سے ہرا کر اگلے رائونڈ میں جگہ بنالی۔ مینز ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں حمید الحق اور یوسف خان کی جوڑی نے اعجاز احمد خان اور عباس خان کو، مدثر مرتضی اور مزمل مرتضی کی جوڑی نے شاکر اللہ اور اکرام اللہ کو شکست دی۔