قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کا ووٹ ایم کیو ایم یا پی ایس پی کے نہیں کسی اور کے ہاتھ میں ہے۔
ایم کیو ایم اور پی ایس پی کےسیاسی اتحاد پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پی ایس پی اتحاد سے پیپلز پارٹی کو کوئی نقصان نہیں ہوگا اور یہ دونوں جماعتیں پہلے بھی ایک ہی تھیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پی ایس پی کی اپنی کوئی سیاست نہیں، یہ مجبور لوگ ہیں جنہیں جہاں کہا جائے گا وہاں چلے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ دونوں جماعتوں کو ایک کیا جائے گا، ایم کیو ایم اور پی ایس پی کی سیاست بھی الگ الگ نہیں ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال کہتے تھے کہ ایم کیو ایم کے نام نے ہمیں داغدار کیا جب کہ فاروق ستار کہتے ہیں ایم کیو ایم 35 سال کی سیاسی زندگی ہے کیسے ختم کر دوں اور دوسرے ہی دن دونوں جماعتیں ایک ہوجاتی ہیں۔