چکوال(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نےکہا ہے کہ جنرل پرویز مشرف کا کڑا احتساب بھی ہم نے بھگتا ہے اب بھی ہر قسم کے احتساب کیلئے تیار ہیں مگر یہ یکطرفہ احتساب ہے اور پوری قوم اس کو دیکھ رہی ہے۔ جمہوریت پاکستان کا مستقبل ہے ،عوام کی رائے کاہرصورت میں احترام کیاجاناچاہئے، انصاف وہ ہے جو ہوتا ہوا نظر آئے۔ انتخابات میں کسی صورت تاخیر نہیں ہونی چاہیے ، اس ضمن میں سیاسی جماعتوں کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔ وہ ایم پی اے چوہدری لیاقت علی خان مرحوم کی وفات پر اظہار تعزیت کیلئے یہاں چکوال پہنچے تھے انہوں نے چوہدری لیاقت کے بھائی صبح صادق، صاحبزادوں چوہدری حیدر سلطان، شہریار سلطان اور چوہدری لیاقت کی اہلیہ ایم این اے بیگم عفت لیاقت سے اظہار تعزیت کیا اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کی۔ اس موقع پر سابق جسٹس مظہر حسین منہاس، چیئرمیں ضلع کونسل طارق اسلم ڈھلی، وائس چیئرمین چوہدری خورشید بیگ، چیئرمین بلدیہ چوہدری سجاداحمد، ملک کفایت حسین بھی موجود تھے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ جمہوریت اور سیاست پاکستان کا مستقبل ہیں۔