اسٹار آل راونڈرشعیب ملک پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں چھٹی فرنچائز ملتان سلطانز کی قیادت کریں گے جبکہ تجربہ کار ندیم خان ٹیم منیجر کے فرائضسر انجام دیں گے ۔
ان کے علاوہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے سابق اسپیشلسٹ اوپنر محمد وسیم بیٹنگ مینٹور اور جنوبی افریقا کے سابق کپتان جوہان بوتھا اسسٹنٹ کوچ کے طور پر ٹیم میں شامل ہوں گے ۔
کھلاڑیوں کی بہترین صحت کو یقینی بنانے کیلئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق فزیو تھراپسٹ اینڈریو لیوپس جو اس وقت انڈین پریمئر لیگ(آئی پی ایل) میں کولکتہ نائٹ رائیڈر کے فزیوتھراپسٹ کے طور پر کام کررہے ہیں،پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے دوران ملتان سلطانز کی نامور کھلاڑیوں سے سجی ٹیم کیلئے فزیو تھراپسٹ کے فرائض انجام دیں گے ۔
شعیب ملک کی بطور کپتان تقرری پر تبصرہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے ڈائریکٹر کرکٹ، وسیم اکرم نے کہا’’شعیب اس وقت اپنے کیرئیرکی سب سے بہترین فارم میںہیں اور دنیا میں ہونے ولی تمام مشہورٹی ٹوئنٹی لیگز میں حصہ لینے کے باعث ان کے پاس بہت تجربہ ہے۔ اسی وجہ سے وہ اس ٹیم کی قیادت کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔‘‘
وسیم اکرم نے مزید کہاکہ ’’شعیب کی آل راؤنڈکارکردگی یقیناً ٹیم میں موجود ہر کھلاڑی کو بہت فائدہ پہنچائے گی اور میں پی ایس ایل کے اگلے سیزن میں ان کو پرفارم کرتا ہوا دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔‘‘
دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے اسٹائلش اوپنر محمد وسیم ، جو ملتان سلطانز کے لیے بیٹنگ مینٹو ر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے،کرکٹ کے مقامی ٹیلنٹ کے لیے قابل ذکر کارکردگی کے باعث خبروں میں ہیں جن میں سے ایک محمد وسیم کرکٹ اکیڈمی (MWCA)کے نام سے خود اپنی کرکٹ اکیڈمی کاقیام شامل ہے جہاں وہ پوری محنت سے ملک کے نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت کر رہے ہیں۔
فرنچائزمیں شامل ہونے والے جنوبی افریقا کے سابق کپتان جوہان بوتھاکی شرکت قابل ذکر ہے ، جو اس سے قبل بھی پی ایس ایل میں شرکت کر چکے ہیں اورپاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائٹیڈ کے لیے فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں۔
ٹیم میں سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان کا بطور ٹیم منیجر، اضافے کا مقصد ٹیم میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے کیوں کہ وہ اپنے ٹھنڈے اور بردبار مزاج کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔فرنچائز میں ٹیم کی اسٹرینتھ اور کنڈیشننگ کے طور پر یاسر ملک کی خدمات حاصل کی گئی ہیںجو نیشنل کرکٹ اکیڈمی(این سی اے) میں یہی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
ملتان سلطانزکے صدر عشر شون نے کہا،’’ہمارے ہیڈ کوچ ٹام موڈی کی زیر سرپرستی کوچنگ اسٹاف میں محمد وسیم اور جوہان بوتھاکی شمولیت ہمارے کوچنگ پول کی مضبوطی کی علامت ہے جبکہ ٹیم منیجر کے طور پر ندیم خان کی شمولیت ایک خوشگوار اضافہ ہے۔‘‘
عشر شون نے مزید کہا،’’ہم اپنی فرنچائز میں شعیب ملک کو دیکھ کر بھی بہت پر جوش ہیںاور ہمیں یقین ہے کہ اپنے کھیل کے جارحانہ انداز کے باعث ٹیم کی قیادت ایک یونٹ کے طور پر کریں گے ۔ اس کے علاوہ ،اس سیزن میں ان کی موجودگی کا ملتان سلطانز کی بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔‘‘
یہ اعلان عین اس وقت کیا گیا ہے جب تیسرے ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ ہو رہی ہے اور ملتان سلطانزکودلفریب لیگ کی چھٹی ٹیم کے طور پر خوش آمدید کہنے کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔