لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سپریم کورٹ پاناما لیکس کے دیگر 436 کرداروں کے احتساب کے لیے جماعت اسلامی کی دائر کردہ پٹیشن کی جلد سماعت کرے ۔ عدلیہ کو اپنا وقار اور اعتبار برقرار رکھنے کے لیے لٹیروں کا بلاتفریق احتساب کرنا ہوگا ۔پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے پانچ عشروں تک عام آدمی کا استحصال کیا ۔عوام کو روٹی ، کپڑے اور مکان جیسے وعدوں پر ٹرخایا جاتا رہا۔منصورہ لاہور میںکسان بورڈ کے سیکرٹری جنرل ارسلان خان خاکوانی کی قیادت میں کسانوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ کرپشن فری پاکستان کے لیے سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کے ساتھ ساتھ پاناما اور پیراڈائز لیکس کے کرداروں اور قرضے معاف کرانے والوں کو پکڑا جائے اور سب کا کڑا احتساب کیا جائے ۔ ملک کا اصل مسئلہ سیاست پر ظالم وڈیروں اور سرمایہ داروں کا قبضہ ہے ۔ جمہوریت کو ان لوگوں نے یرغمال بنارکھاہے جنہوں نے ملک کے اندر اپنی الگ ریاستیں بنا رکھی ہیں ۔ کسان اور مزدور خون پسینہ بہانے کے باوجود بھوکے رہتے ہیں اور قومی دولت لوٹنے والوں کے گھوڑے اور کتے بھی دودھ پیتے ہیں ۔ زراعت پر حکومت کا فوکس ہے نہ عالمی منڈیوں تک رسائی کی کوئی منصوبہ بندی ہے ۔ بھارت ہمارے دریاؤں کا پانی چوری کر کے پاکستان کو بنجر بنانے کے لیے آبی دہشتگردی کر رہاہے جبکہ ہمارے حکمران خواب غفلت کے مزے لے رہے ہیں ۔