اسلام آباد (کامرس رپور ٹر،صباح نیوز)وفاقی داخلہ ، وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ حکومت داسو ڈیم اور دیگر پن بجلی منصوبوں کی تعمیر کے لیے تیز رفتاری سے کام کررہی ہے۔ ڈیمز پاکستان کے مستقبل ، توانائی کی فراہمی اور خوراک کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کے لئے آنے والے چین کے گیزہوباگروپ انٹرنیشنل انجنیئرنگ کے صدر مسٹر ژیانگ سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سی پیک کے جاری منصوبوں کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی حکومت ملک میں سرمایہ کاروں کو سہولیات کے لیے کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔ سی پیک نے پاکستان کے توانائی سکیورٹی میں اہم کردار ادا کرنا شروع کردیا ہے ، اس حوالے سے منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل ہوئے ہیں۔چین کے این ڈی آر سی نے سی پیک منصوبوں کے لیے تین معتبر کمپنیوں کے پینل کی تجویز دی اور سب سے کم بولی دہندہ کو منصوبہ دیاجاتا ہے ، یہ بہت ہی شفاف عمل ہے۔ پاکستان سی پیک کے صنعتی زونز کو اہم عنصر سمجھتا ہے اس سے ملک میں صنعتی شعبہ تیزی سے ترقی کرے گا۔صباح نیوز کے مطابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہاکہ کوئی مسلمان ختم نبوت کے بارے میں سمجھوتہ نہیں کرسکتا،اس سلسلے میں پوری قوم متحد ہے۔اسلام آباد میں بیان میں انہوں نے کہاکہ اس مسئلے پر قوم میں تفرقہ پیدا کرنا مناسب نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مریضوں کی زندگیوں ،طلبہ اور عوام کو مشکل میں مبتلا کرنا حضورؐسے محبت نہیں ہے۔