• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نسلوں کے تحفظ کیلئے صحت مسائل پر قابو پانا ہوگا،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم تعلیمی اصلا حات پروگرام کے تحت تعلیمی اداروں میں کلاس رومز ،کمپیوٹر و سائنس لیبارٹریز ،ٹوائلٹس کی اپ گریڈیشن ، پینے کے صاف پانی ، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے منصوبوں پر کام جاری ہے، اساتذہ اور والدین صحتمند پاکستان اور پانی کی افادیت کے حوالے سے آگاہی پروگرام کا حصہ بنیں ‘آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کیلئے صحت کے تمام مسائل پر قابو پانا ہوگا، بچے صحت مند ہونگے تو پورا گھرانہ صحت مند ہوگا۔وہ اسلام آباد ماڈل گرلز کالج میں ہاتھ دھونے کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا حکومت نے پینے کے صاف پانی ، صحت مند پاکستان ، نکاسی آب اور آنے والی نسلوں کو محفوظ بنانے کیلئے بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط کئے ہیں، حکومت ہر شعبے میں اپنا کام بہتر انداز میں کر رہی ہے ، پارلیمنٹ میں پائیدار ترقی کے اہداف کا سیکرٹریٹ قائم اور فعال کردار ادا کررہا ہے ‘وزارت منصوبہ بندی‘ترقی و اصلاحات میں باقاعدہ ایس ڈی جیز یونٹ قائم ہے، صوبائی سطح پر بھی ترقیاتی اہداف کے سلسلے میں مراکز قائم کئے گئے ہیں‘ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے حکومت نے یہ ہدف ویژن 2025 ء میں شامل کیا ہے، پاکستان نے پبلک پرائیویٹ پاٹنر شپ پر کام کرنا شروع کیا ہے ،وزیراعلی پنجاب نے ہر شعبے میں بہت کام کیا جو باقی صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے، اساتذہ اور والدین بچوں میں آگاہی پروگرام سے متعلق کردار ادا کررہے ہیں، نکاسی آب سے متعلق مسائل کے بارے میں عوامی آگاہی مہم شروع کی گئی ہے،صحت سے متعلق والدین کی آگاہی کیلئے مختلف ذرائع استعمال کئے جارہے ہیں ،سماجی مسائل سے متعلق آگاہی کیلئے میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔
تازہ ترین