• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیض آباد دھرنا، چند عناصر لاشیں گرانا چاہتے ہیں، احسن اقبال

اسلام آباد لاہور ( نمائندہ جنگ )وفاقی وزیر داخلہ و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ فیض آباد دھرنے میں ایسے چند عناصر موجود ہیں جن کے پاس ہتھیار ہیں اور وہ لاشیں گرانا چاہتے ہیں ، دھرنا دینے والوں کے خلاف کارروائی سے قیمت چکانا پڑ سکتی ہے، دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے فیض آباد میں دھرنا دینے والے تحریک لبیک یا رسول اللہ کے قائدین کے ساتھ مذاکرات کیلئے حنیف عباسی کی سربراہی میں 12رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے،کمیٹی کے شریک کنوینر ایم این اے ملک ابرار ہوں گے،دیگر ممبران میں میئر راولپنڈی سردار نسیم خان،ایم پی اے راجہ حنیف،کمشنر راولپنڈی ڈویژن،آر پی او راولپنڈی،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی،سی پی او راولپنڈی،صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس زاہد خان،سابق ایم پی اے ضیا اللہ شاہ اور ایک مذہبی رہنما کو شامل کیا جائے گا۔کمیٹی فوری طور پر تحریک لبیک یارسول اللہ کے قائدین سے ملاقات کرے گی ۔ دوسری طرف تحریک لبیک یارسول اللہ کے قائدین نے حکومت سے کسی بھی قسم کے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالبات تسلیم ہونے تک دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ پلاننگ ڈویژن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اسلام آباد میں مخصوص صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، حکومت دھرنے والوں کے ساتھ برداشت کا مظاہرہ کر رہی ہے، ہم نے ان کو بہت وقت دیا اور ان سے مذاکرات کیے، اب یہ لوگ تشدد کو دعوت دے رہے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ دو تین لاشیں گریں اور ملک میں فتنہ پھیلے، دھرنے والوں کے مرکزی قائد کی صحت بھی کوئی زیادہ اچھی نہیں، اس لیے حکومت احتیاط کا دامن تھامے ہوئے ہے، حکومت ماڈل ٹائون لاہور والے واقعے کو دہرانا نہیں چاہتی، حکومت کو انتہائی قدم اٹھانا پڑا تو اٹھائے گی لیکن اس سے پہلے تمام آپشن استعمال کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے دھرنے کی روایت ڈال دی ہے۔ ختم نبوت پر ہر مسلمان کا ایمان ہے کہ اس پر بال برابر بھی شک نہیں لایا جاسکتا نہ ترمیم لائی جاسکتی ہے، دھرنے والے پنجاب حکومت سے رابطے میں تھے اور انہوں نے حلف دیا تھا کہ وہ اسلام آباد میں احتجاج کے بعد چلے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کی ترمیم میں سب جماعتیں شامل ہیں اکیلے حکومت نہیں ، ترمیم بحال بھی کر دی گئی ہے، ایک کمیٹی اس معاملے کا جائزہ بھی لے رہی ہے۔ ہم نے دھرنے والوں سے کہا کہ کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار کریں، انہوں نے ہماری پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا۔ ادھر لاہور میں فیصل چوک سے پولیس نے تحریک لبیک کے 20سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا،گرفتار ہونے والوں کو مختلف تھانوں کی حوالات میں منتقل کردیا گیا ہے،تمام افراد کو 16ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے ،چونیاں میں مذہبی تنظیموں کے اجلاس میں مقررین نے مطالبہ کیا گیا کہ تحریک لبیک یارسول اللہ کے گرفتار کارکنوں کو غیرمشروط طور پر رہا کیا جائے۔ اس موقع پر کارکنوں پر تشدد کرنے کی بھی شدید مذمت کی گئی۔
تازہ ترین