کراچی (اسٹا ف رپورٹر) قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں دو دن کے بعد بارش تھم گئی اور میچ شروع ہوگئے۔ جمعرات کو راولپنڈی ریجن نے فاٹا کو چھ کٹ سے شکست دی۔ سہیل تنویر نے آخری اوور میں دو چھکے اور ایک چوکا مار کر اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔ پشاور نے کئی نشیب و فراز کے بعد اسلام آباد کی ٹیم کو تین وکٹ سے ہرادیا۔ دوسرے میچ میں فاٹا نے 8 وکٹ پر160 رنز بنائے۔ خوشدل شاہ نے پچاس مختار احمد نے42 رنز اسکور کئے۔ عمر امین نے پانچ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 66اور ناصر نواز نے42 رنز بناکر ہدف کو آسان کردیا۔ محمد نواز اور سہیل تنویر نے21،21 رنز بنائے اور دونوں ناٹ آئوٹ رہے۔ حماد اعظم نے23 رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ قبل ازیں پہلے میچ میں اسٹار کھلاڑیوں پر مشتمل اسلام آباد کی ٹیم 128رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ حسن علی نے 20 گیندوں پر35 اور سرمد بھٹی نے 28 رنز بنائے۔ پشاور کے کاشف بھٹی نے22 ، سہیل خان نے23، عمران خان سینئر نے28 اور وقاص مقصود نے28 رنز کے عوض دو دو وکٹ حاصل کئے۔ جواب میں ایک موقع پر پشاور کے دو وکٹ گرے تھے پھر محمد عرفان نے دو حسن علی نے ایک اور رضا حسن نے ایک وکٹ لے کر پشاور کو مشکل میں ڈال دیا لیکن سہیل خان نے آخری اوور میں چھکا مار کر ہدف کو قریب کردیا۔ پشاور نے اسکورسات وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ اسرار اللہ نے56 رنز پچاس گیندوں پر بناکر مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔ فخر زمان نے27رنز بنائے۔