• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

درپیش پیچیدہ مسائل اجتماعی سوچ کیساتھ حل کیے جاسکتےہیں، احسن اقبال

لاہور(وقائع نگار خصوصی )انجنیئرنگ کے شعبہ سے پاکستان کا مستقبل وابستہ ہے۔انجنیئرنگ کی تعلیم سے ترقی کے اہداف کا حصول یقینی طور پر ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈٹیکنالوجی لاہور کے 24ویں کانووکیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت مختلف پیچیدہ مسائل کا سامنا ہے جو دیر پا حکمت عملی اور اجتماعی سوچ کے ساتھ حل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو کہا کہ خود کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کریں اور چین پاکستان اقتصادی راہداری میں بھر پور حصہ لیں۔ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ جامعات سائنسی بنیادوں پر قوم سازی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ اس سال کانوو کیشن میں مجموعی طور پر 2233کامیاب طلباء طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔جن میں بی ایس سی انجینیرنگ کے1654، ایم ایس سی اور ایم فل کے557اورپی ایچ ڈی کے22 طلبہ وطالبات شامل ہیں۔ جبکہ وفاقی وزیر داخلہ جناب احسن اقبال کو انکی خدمات کے اعتراف میں پی ایچ ڈی کی ڈگری دی گئی۔اس موقع پر جامعہ کے ارکان سیندیکیٹ ، رکن قومی اسمبلی پرویز ملک اور غیر ملکی وفود اور ڈینز جن میں پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس انجم ، پروفیسر ڈاکٹرسہیل آفتاب قریشی، پروفیسر ڈاکٹر ندیم فیروز، پروفیسر ڈاکٹر ندیم احمد مفتی ،پروفیسر ڈاکٹر شاہد رفیق،رجسٹرار محمد آصف اور کنٹرولر امتحانات ضرغام نصرت سمیت مختلف تدریسی اور انتظامی شعبہ جات کے سربراہان اور سٹوڈنٹس کی بڑی تعداد موجود تھی تقریب میں وائس پرو چانسلر اورصوبائی وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن سید علی رضا گیلانی نے بھی خصوصی شرکت کی ۔ کانووکیشن کا اختتام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد کی طرف سیپرو چانسلر سید رضاعلی گیلانی کو اعزازی شیلڈ پیش کرنے پر ہوا۔
تازہ ترین