• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نے اسحاق ڈار کانام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کوخط لکھ دیا

Todays Print

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے اسحاق ڈارکانام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی، نیب نے اسحاق ڈار کانام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کوخط لکھ دیاہے۔ نیب نے اسحاق ڈارکے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے کے بعد ان کانام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی۔ دوسری جانب وزیرخزانہ اسحاق ڈار پچھلے کچھ عرصہ سے لندن میں مقیم ہیں۔انہوں نے وطن واپس آکراحتساب عدالت کی طلبی پرپیش بھی نہیں ہوئے۔بتایاجارہاہے کہ اسحاق ڈار دل کی تکلیف میں مبتلاہیں جس کے باعث لندن میں ان کاعلاج چل رہاہے۔

جیو نیوز کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنس کی سماعت میں مسلسل غیر حاضری پر اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کررکھے ہیں۔ذرائع کاکہنا ہےکہ نیب نے اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو درخواست بھیجی ہے جس کے ساتھ کورنگ لیٹر اور احتساب عدالت کی جانب سے جاری ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی نقل بھی لگائی گئی ہے۔نیب کے خط میں بتایا گیا ہےکہ اسحاق ڈار جان بوجھ کر احتساب عدالت میں پیش نہیں ہورہے، وہ ناقابل ضمانت وارنٹ کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے اس لیے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ذرائع نے بتایا کہ نیب کی درخواست پر وزارت داخلہ کی تین رکنی کمیٹی اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق فیصلہ کرے گی جو آئندہ 72 گھنٹوں میں متوقع ہے۔واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ایک ریفرنس دائر کیا ہے جس میں وزیر خزانہ پر فرد جرم بھی عائد ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مسلسل چوتھی سماعت میں عدم پیشی پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکے نیب کو ہدایت کی کہ ملزم کو گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔ 

تازہ ترین