اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مسلم لیگ ن کےسینئر رہنما چوہدری نثار علی خان نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی مجموعی صورتحال اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر چوہدری نثار نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے فیض آباد میں دھرنے کے سبب راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہری بے انتہا مشکلات کا شکار ہیں ، وفاق دارالحکومت کی مصروف ترین شاہراہ اور راولپنڈی اسلام آباد کو ملانے والے اہم مقام پر لاقانونیت اور عوام الناس کو تکالیف سے دو چار کرنیکی ہر گز اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ چوہدری نثار علی خان نے مزید کہا کہ موٹروے پر میٹروسٹیشن پراجیکٹ کی تعمیر میں سست روی کی وجہ سے نہ صرف ملحقہ آبادیوں بلکہ ملک بھر سے آنے والے شہریوں کو دقت کا سامنا ہے ،تعمیری عمل کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ شہریوں کو متبادل راستے فراہم کئے جائیں تاکہ انکی مشکلات کم کی جاسکیں۔