کراچی(اسٹاف رپورٹر) امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے امریکا اور سندھ کے عوام کے درمیان تاریخی اور مضبوط تعلقات کو اجاگر کرنے کے لئے اندرون سندھ کا دورہ کیا۔ امریکی قونصلیٹ کے اعلامیے کے مطابق قونصل جنرل نے 14 سے 16 نومبر کے دوران گھوٹکی کا دورہ کیا اور وفاقی و صوبائی وزرا، مقامی حکام، سول سوسائٹی اور مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی اور پاک امریکا تعاون و باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر گریس شیلٹن کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام میں معاشی سیاسی اور ثقافتی تنوع موجود ہے، کراچی سے باہر سفر کرنے کا یہ فائدہ ہے کہ سندھ کے لوگوں سے ملنے کا موقع ملتا ہے۔اپنے دورے کے دوران قونصل جنرل نے سول سوسائٹی اور لوکل گورنمنٹ افسران سے ملاقاتوں میں تعلیم، صحت اور خواتین کی بہبود کے حوالے سے ان سےبات چیت کی۔انہوں نے علاقے میں واقع ہندو مندر کا وزٹ کرنے، صوبائی وزیر تعلیم کے ہمراہ سکھر میں امریکا کی مالی معاونت سے بننے والے اسکول اور گھوٹکی میں پاور پلانٹ کا بھی دورہ کیا۔