• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت بتائے کتنا قرض لیا اور کہاں کہاں خرچ کیا؟سراج الحق

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت بتائے کہ اندونی اور بیرونی بینکوں اور آئی ایم ایف سے کتنا قرض لیا اور کہاں کہاں خرچ کیا؟بڑے بڑے سمگلروں اور مافیا نے سیاسی پارٹیوں میں پناہ لے رکھی ہے لیکن نام نہاد سیاسی جماعتیں اپنی بادشاہت قائم رکھنے کیلئے مجرموں کے ہاتھوں یرغمال ہیں ۔ قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں ۔وہ چاہتی ہے کہ پاناماکے دیگر کرداروں اور بنکوں کو لوٹنے والوں کے خلاف جو کمیشن بنا ہے ان لٹیروں کااحتساب کرکے انہیں سزائیں دی جائیں اور قومی دولت لوٹنے والوں کے پاسپورٹ اور جائیدادیں ضبط کرکے انہیں اڈیالہ جیل میں بندکیاجائے ۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی نے منصورہ میں منعقدہ برادر تنظیموں کے مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، نائب امراء حافظ محمد ادریس،راشد نسیم ،اسداللہ بھٹو ،ڈاکٹر فرید پراچہ اور ڈپٹی سیکریٹری محمد اصغر ودیگر نے بھی شرکت کی۔سراج الحق نے کہا کہ تربت میںقتل کے ظالمانہ واقعہ پر پوری قوم غمزدہ ہے۔دہشت گردی کے واقعات سے ثابت ہوگیا ہے کہ حکمران عوام کو تحفظ نہیں دے سکتے۔برادر تنظیمات آئندہ انتخابات میں جماعت ااسلامی کے دست و بازو بن کرکرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارے کیلئے عوام سے رابطہ بڑھائیں۔ پی آئی اے ،اسٹیل ملز ،پی ٹی سی ایل ،واپڈا ،ریلوے جیسے منافع بخش اداروں کی تباہی کے ذمہ دار حکمران ہیں جنہوں نے اپنے کارخانے چلانے کیلئے قومی اداروں کو تباہ کیا۔انہوں نے کہا کہ لٹیرے حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں کسی کو نہ چھوڑا جائے ۔جماعت اسلامی لٹیروں سے قوم کو نجات دلانے کیلئے آخری حد تک جائے گی ہم قوم سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ لیٹرے مفاد پرست حکمرانوں کے چنگل سے نکلیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک پر انگریز کے غلام مسلط ہیں۔اقتدار پر مسلط کرپٹ مافیا کے بڑوں نے انگریز سے وفاداری اور قوم سے غداری کے عوض جاگیریں حاصل کیں ۔آج ان کی اولادیں ملک پر مسلط ہے جن کا قومی دولت لوٹ کر اپنی جیبیں بھرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ظالم و مظلوم دو پارٹیاں ہیں ظالم متحد اور منظم ہیں اور مظلوم منتشر ۔جب تک مظلوم اپنے حقوق کے لئے متحد ہوکر منظم جدوجہد نہیں کریں گے ،لٹیروں سے جان نہیں چھوٹے گی ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی جمہوری اور ترقی پسند جماعت ہے اور یہی قوم کو متحد کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں اس وقت ایک خاندان کی حکومت ہے جو جمہوریت کا راگ الاپتا ہے لیکن اپنے علاوہ کسی اور کو اقتدار میں نہیں دیکھ سکتا۔حکومت جانے کے بعد ان کو جمہوریت یا دآتی ہے۔ ہم ملک میں افراد کی بجائے آئین و قانون کی حکمرانی اوراحتساب کا نظام چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اداروں کی تباہی کے اصل مجرم وہ حکمران ہیں جنہوں نے میرٹ کا قتل عام کرکے جیالوں اور متوالوں کو نوکریاں دیں ۔اب اسٹیٹس کو کی حامی قوتوں کے دن گنے جاچکے ہیں ۔عوام اپنی آئندہ نسلوں کو استحصالی اور ظالمانہ نظام سے بچانے کیلئے جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دیں۔
تازہ ترین