سکھر(بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ میں پوری قوم کا اپوزیشن لیڈر ہوں‘حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے، کسان بدحال‘ مزدور اور غریب عوام مشکلات سے دوچار ‘ بیروزگاری، مہنگائی کا طوفان ہے‘حکومت کے وعدے غلط ثابت ہوئے‘ حکومت 2018میں بھی لوڈشیدنگ کا خاتمہ نہیں کرسکتی ۔ ہم نے لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کیا لیکن ہم مسلم لیگ (ن) کی طرح نہ عوام کو سڑکوں پر لائے نہ توڑ پھوڑ کی‘ ہمارے دور حکومت میں مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں عوام کو سڑکوں پر لاکر ہنگامہ آرائی کی جو کہ غیر جمہوری عمل تھا۔آئندہ انتخابات میں عوام پیپلز پارٹی کو اکثریت سے کامیاب کرائینگے اور اقتدار میں آکر ہماری اولین کوشش عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنا ہوگا۔ وہ سکھر کے مختلف نواحی علاقوں کے دورے کے موقع پر لوگوں سے بات چیت کررہے تھے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کا گراف گررہا ہے وہ آنے والے انتخابات میں دیکھ لیں گے جب عوام بھرپور مینڈیٹ سے پیپلزپارٹی کو کامیاب کراکر اقتدار میں لائیں ‘انہوں نے کہا کہ میں رکن قومی اسمبلی‘قائد حزب اختلاف یا وزیررہوں یا نہ رہوں لیکن ہمیشہ عوام میں رہتا ہوں‘قومی اسمبلی میں بھی عوام کے مسائل پر ہمیشہ آواز بلند کی ہے چاہے کوئی جماعت اس سے ناراض ہوتی ہے تو ہولیکن عوامی مفادات پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی‘ عوام کیلئے آواز بلند کرتا رہوں گا ۔